ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مودی کی بنگلورو آمد،کانگریس حکومت پرتابڑتوڑ الزامات ریاست میں انتخابی بگل بجایا۔زعفرانی لہرچلنے کا دعویٰ

مودی کی بنگلورو آمد،کانگریس حکومت پرتابڑتوڑ الزامات ریاست میں انتخابی بگل بجایا۔زعفرانی لہرچلنے کا دعویٰ

Mon, 05 Feb 2018 10:43:07    S.O. News Service

بنگلورو۔4؍فروری (یواین آئی) سدارامیا حکومت پر تمام محاذوں کے حوالہ سے شدید حملہ کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کرپشن کے نئے ریکارڈس قائم کرنے کا ریاستی حکومت پر الزام لگایا اور اس بات پر زور دیا کہ اب اس حکومت کے چل چلاؤ کا وقت آپہنچا ہے ۔ مودی نے آج یہاں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت اب باب الاخراج پر پہنچ چکی ہے ۔ انہوں نے سدارامیا کی حکومت کو’’10فیصد کمیشن والی حکومت--سے تعبیر کیا۔نظم و ضبط کے محاذ پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کے بجائے مجرم ہی راج کررہے ہیں۔ وسیع و عریض پیالیس گراؤنڈ پر منعقدہ یہ جلسہ عام ریاستی بی جے پی کی85روزہ پریورتن یاترا کے اختتام پر منعقد کیاگیاجس نے تمام 224اسمبلی حلقوں کا احاطہ کیا اور بالآخر آج کے جلسہ عام کے ذریعہ عملاً اس سال کے اوائل میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کا بگل بجادیا ہے ۔بی جے پی نے150پلس نشستوں پر کامیابی کا بیڑہ اٹھانے کا اعلان کیا ہے ۔ مودی نے ریاست میں زعفرانی لہر چلنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک کے عوام نے ریاست کو کانگریس سے پاک بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور ریاست کو کانگریس کے کلچر سے نجات مل جائے گی۔کانگریس کی حکومت 10فیصد حکومت ہے جہاں کوئی بھی کام10فیصد کمیشن ادا کئے بغیر نہیں ہوتا ہے ۔ ایک حکومت کے لئے یہ پہچان بننا باعث شرم ہے ۔بدعنوانیوں میں نیا ریکارڈ قائم کرنے کا سدارامیا حکومت پر الزام لگاتے ہوئے مودی نے کہا کہ کانگریس مکت حکومت کا مطلب موروثی حکمرانی’’اقرباء پروری‘‘ بدعنوانی اور لوٹ مار سے نجات ہے ۔ انہوں نے2ریاستی وزراء کی قیامگاہوں پر انکم ٹیکس چھاپوں کابھی تذکرہ کیا اور کہا کہ ایک سینئر کانگریس لیڈر کے گھر پر ہوئے چھاپے سے بے نامی جائیداد کا انکشاف ہواہے ۔ریاست میں اسٹیل مافیاریت مافیا اور تبادلہ مافیا جیسے کئی مافیا کام کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بعض افراد نے فولادی پلوں کی تعمیر کے نام پر کروڑ روپئے اپنے جیب میں اتارنے کی سازش رچی ہے ۔ عوامی برہمی اور احتجاج کے نتیجہ میں یہ پراجکٹ ترک کردیا گیا۔ وہ شہر میں ٹریفک گہما گہمی کے ایک چوراہے پر فولادی برج پراجکٹ کا حوالہ دے رہے تھے جو عوامی احتجاج کے بعد منسوخ کردیا گیا۔ وزیراعظم نے کرناٹک میں بی جے پی اور سنگھ پریوارکے کئی کارکنوں کے قتل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور اس کی ملحقہ تنظیموں سے وابستہ کئی کارکنوں کو ہلاک کیا جاچکاہے ۔ یہ سماجی دھارے پر حملہ ہے ۔ میں کرناٹک کے عوام سے ریاست کے سماجی دھارے پر حملہ کرنے والی حکومت کے خلاف ووٹ دینے کی اپیل کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں دیکھ رہا ہوں کہ کرناٹک میں کانگریس اور اس کے کلچر سے ریاست’’سماج‘‘عوامی زندگی اور سیاست کو پاک کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ کانگریس میں سماج،تہذیب اور سیاست سب کو تباہ کردیا۔ میں دیکھ سکتا ہوں کہ کرناٹک میں بی جے پی حکومت زیادہ دور نہیں ہے ۔


Share: